محکمہ توانائی کی تمام جاری ترقیاتی اسکیموں کو
مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔ وزیر توانائی سندھ، ناصر حسین شاہ
ویب نیوز رپورٹ: روبینہ یاسمین
کراچی: وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ انرجی ڈپارٹمنٹ سندھ کی تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں میرٹ اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے انرجی ڈپارٹمنٹ کے تمام جاری منصوبوں اور آئندہ مالی سال 26-2025 میں رکھی جانے والی اسکیموں کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔
اجلاس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم احمد شاہ، سیکریٹری محکمہ توانائی مشتاق احمد سومرو، پروجیکٹ ڈائریکتر (ایس ایس ای پی) محفوظ قاضی ، سی ای او (ایس ٹی ڈی سی) سلیم شیخ کے علاوہ دیگر محکموں کے سربراہان بھی شریک تھے۔

وزیر توانائی سندھ کو اس موقع پر تمام متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کی جانب سے جاری ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال 26-2025 میں رکھی جانے والی ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے بھی بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی اسکیموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال 26-2025 کیلئے تجویز کی گئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر سندھ نے مزید کہا کہ آئندہ اسکیموں کے حوالے سے تمام تر قانونی اور کاغذی کارروائی مکمل کی جائیں۔
علاوہ ازیں ناصر حسین شاہ کی جانب سے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ادھوری اسکیموں کے بجٹ کے حوالے سے تجاویز تیارکرنے اور انھیں بھی مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے حوالے سے ہدایات دے دی گئی ہیں۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم احمد شاہ نے دوران اجلاس کہا کہ وہ اور ان کا محکمہ ترقیاتی اسکیموں کی تیاری اور کاغذی کاروائیوں کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں پی اینڈ ڈی کی ٹیکنیکل ٹیم سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔